ترک وزیر خارجہ نے نیتن یاہو کو عالمی سلامتی کے لیے شدید خطرہ اور انسانیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو عالمی سلامتی اور امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو غزہ میں جاری مسلسل نسل کشی کے بعد اب تمام انسانیت کے کھلے دشمن بن چکے ہیں اور ان کے اقدامات دنیا کے امن کو تہہ و بالا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کا فلسطینیوں پر تشدد، اقوام متحدہ کا تشویش کا اظہار
حاقان فیدان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے خلاف فوری اور سخت عملی کارروائی کرے اور عالمی نظام کو چاہیے کہ وہ اس بڑھتے ہوئے خطرے کا ہمت کے ساتھ مقابلہ کرے۔
ترک وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ خطے کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے جنگ کو فوراً روکنا ہوگا، کیونکہ اگر فریقین کے درمیان یہ لڑائی اسی طرح جاری رہی تو اس کے نتیجے میں پورا خطہ ہولناک تباہی سے دوچار ہو جائے گا۔






